Sub Committee No.01

Committee Report of Sub Committee No.01. Proceedure and Conduct of Buisness Rules and Government Assurances

 

                                             صوبائی اسمبلی سیکرٹریٹ خیبر پختونخوا

  رپورٹ

              میں ذیلی کمیٹی مجلس قائمہ نمبر1 برائے قواعد وضوابط وطریقہ کار،استحقاقات اور سرکاری یقین دہانیوں پر عملد رآمد اسمبلی کی جانب سے حوالہ کردہ تحریک استحقاق نمبر94 منجانب جناب سید رحیم صاحب ،ایم پی اے کی محکمہ صحت ضلع بونیر میں ایگزیکٹیو ڈسٹرکٹ آفیسر کے دفتر میں بھرتیوں میں بے قاعدگیوں میں چھان بین کی رپورٹ پیش کرنے کا شرف حاصل کرتا ہوں ۔

-2            کمیٹی نے مورخہ 2جولائی 2010ءء کو منعقدہ اجلاس میں مذکورہ مسلہ پر غور کیا جس میں جناب وقار احمد خان صاحب ،ایم پی اے نے بحیثیت رکن کمیٹی شرکت کی –

-3            جناب سید رحیم صاحب، ایم پی اے/ محرک نے اپنی تحریک استحقاق کے پس منظر کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ضلع بونیر اور خصوصاََ ان کے حلقہ نیابت میں ایگزیکٹیو ڈسٹرکٹ آفیسربونیر نے مختلف آسامیوں پر قواعد و ضوابط سے ہٹ کر منظور نظر افراد کی تقرریاں کی ہیں اُنہوں نے جناب وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے سامنے اپنی شکایات پیش کیں لیکن ان کا کوئی مثبت نتیجہ اخذ نہ ہونے کے بعد ان کو مجبوراََ اسمبلی میں تحریک استحقاق لانا پڑی ۔اُنہوں نے کہا کہ ایگزیکٹیو ڈسٹرکٹ آفیسرمحکمہ صحت بونیر نے جملہ امیدواروں کو انٹرویو میں شامل نہیں کیا بلکہ صرف منظور نظر افراد کو انٹرویو میں شامل کرکے ان کی تقرریاں کی ہیں بھرتی شدہ افراد کی اسناد کی باقاعدہ طور پر متعلقہ تعلیمی بور ڈسے تصدیق بھی نہیں کرائی گئی -اُنہوں نے تجویز پیش کی کہ مذکورہ افراد کی تعلیمی اسناد کی تصدیق ذیلی کمیٹی کے ذریعے کرائی جائے تاکہ صحیح صورت حال واضح ہوسکے او ربوگس تعلیمی آسناد پر آرڈر جاری کرنے والے متعلقہ حکام کے خلاف قواعد کے تحت کارروائی عمل میں لائی جاسکے۔

 -4           ڈاکٹر مقصود احمدایگزیکٹیو ڈسٹرکٹ آفیسرمحکمہ صحت بونیر نے کمیٹی کو بتایا کہ ضلع بونیر میں تمام آسامیوں پر قواعدوضوابط کے تحت تقرریاں کی گئی ہیں اور ان میں کسی قسم کی بے قاعدگی نہیں کی گئی اُنہوں نے کمیٹی کے سامنے تعلیمی اسناد کی متعلقہ بورڈ سے تصدیق شدہ کاپیاں ،جملہ امیدواروں کی تعلیمی قابلیت کے مطابق حاصل کردہ نمبر،تجربہ،انٹرویوکے نمبر، اخباری اشتہارات ،میرٹ لسٹ اورسلیکشن کمیٹی کی دستخط شدہ فہرست کمیٹی کے سامنے پیش کی اُنہوں نے مزید بتایا کہ لوکل گورنمنٹ آرڈیننس کے تحت سکیل 1تا 10کی پوسٹوں پر تعیناتی کے اختیارات ایگزیکٹیو ڈسٹرکٹ آفیسرکو حاصل ہیں جبکہ سکیل 11سے15 تک کی پوسٹوں پر تقرری ڈی سی اوکے دائرہ اختیار میں ہے۔

-5            جناب مجیب الرحمان صاحب، ڈسٹرکٹ کوآرڈینشن آفیسر بونیر نے کمیٹی کو یقین دلایا کہ تقرریوں کے ضمن میں میرٹ کی خلاف ورزی کی نشاندہی پر بھرتی شد ہ ا فراد کی تقرریاں منسوخ کرکے ان پر از سرنو تعیناتیاں کی جائیں گی اُنہوں نے مزید بتایا کہ اگر محرک کی طرف سے کسی بھی خلاف ورزی کے ثبوت پیش کئے گئے توان پر بھی فوری طور پرکارروائی کرکے ان کے تحفظات کو دور کیاجائیگا۔

-6            کمیٹی نے تفصیلی اور سیر حاصل بحث کے بعد نیز محرک کے اطمینان پر مندرجہ ذیل سفارشات کی منظور ی دی۔

              (1)     ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن آفیسر ضلع بونیر اور ایگزیکٹیو ڈسٹرکٹ آفیسر محکمہ صحت بونیرمیں بھرتیوں کے سلسلے میں متعلقہ منتخب اراکین اسمبلیکو اعتماد میں لے    کرشفاف انداز میں خالی آسامیوں پر میرٹ کی بنیاد پر بھرتیوں کو یقینی بنا ئیں تاکہ مستقبل میں اس قسم کی شکایات سامنے نہ آسکیں۔

              (2)     ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن آفیسر بونیر اپنی نگرانی میں محکمہ صحت کے ملازمین کی جملہ اسناد کی تصدیق کو یقینی بنائیں-

7                                                                     لہذا رپورٹ بغرض منظوری مجلس قائمہ کو پیش کی جاتی ہے۔

                                                           محمد زمین خان ایڈوکیٹ ، ایم پی اے

                                                         ذیلی کمیٹی برائے قواعد وضوابط وطریقہ کار، استحقاقات

                                                         اور سرکاری یقین دہانیوں پر عمل درآم