To relocate the position of Power Line Towers in District Battagram.
یہ ایوان صوبائی حکومت سے پر زور مطالبہ کرتا ہے کہ وہ وفاقی حکومت سے اس امر کا مطالبہ کرے کہ یو نین کونسل بانیاں ضلع بٹگرام کی واپڈا کی مجوزہ ٹرانسمیشن لائن اس وقت ایک ایسے راستے سے گزررہی ہے جو انتہائی گھنی آبادی پر مشتمل ہے ۔یہ لائن پہاڑ سے آکر تقریباً تین سے چار کلومیٹر تک مسلسل انسانی آ بادی کے عین اوپر گزرتی ہے اور پھر دوبار ہ پہاڑی علاقے میں داخل ہو جاتی ہے۔
مذکورہ راستے میں تقریباً پندرہ(15)ٹاور ایسی جگہوں پر تعمیر کئے جارہے ہیں۔ جہاں پر سینکڑوں خاندان آباد ہیں ۔اس کی وجہ سے یونین کونسل بانیاں کے 500سے زائد خاندان اور متعدد دیہات مکمل طور پر متاثر اور بے دخل ہونے کے خطرے سے دو چار ہیں ۔
سرکاری قوا عد و ضوابط کے مطابق ٹرانسمیشن لائن کے دونوں اطراف کم از کم پچاس (50)میٹر یعنی کل 330فٹ کے اندر کسی قسم کی تعمیرات ممنوع ہیں۔ اس ضابطے کے برعکس موجودہ مجوزہ راستہ براہ راست انسانی آبادی سے گزر رہا ہے جو نہ صرف مقامی لوگوں کی جائیداد بلکہ ا ن کی جان ومال کے لئے بھی شدید خطرہ ہے ۔ چونکہ یہ لائن پہلے سے پہاڑی علاقے سے آرہی ہے اور آگے بھی پہاڑوں میں داخل ہو رہی ہے
لہذا ہمارا مطالبہ ہے کہ ان تمام پندرہ ٹاورز کو موجودہ متبادل پہاڑی راستے” شبورہ غر”کے ذریعے گزارا جائے ۔اس اقدام سے مقامی آبا دی ، ان کی جائیداد اور قدرتی ماحول کو ممکنہ نقصان سے بچایا جا سکتا ہے ۔
اہلیان علاقہ اس ٹرانسمیشن لائن کے خلاف نہیں ہیں البتہ یو نین کونسل بانیاں کے علاوہ ضلع بٹگرام میں جہاں جہاں بھی یہ 765 KV ٹرانسمیشن لائن گزر رہی ہے اس لائن کی وجہ سے وہاں کی مقامی آبادی کو شدید خطرات لا حق ہیں چونکہ یہ اراضی عوام کی ملکیت ہے لیکن اس ٹر انسمینشن لائن کے گزرنے کے بعد یہ کسی بھی ذاتی استعمال کے قابل نہیں رہی گی ۔
لہذا یہ ایوان مرکزی حکومت سے پُر زور مطالبہ کرتا ہے کہ وہ ان بے کس اور غریب عوام کی داد رسی کے لئے متاثرین کے نقصانات کو دیکھ کر ٹرانسمیشن لائن 765KV کو یونین کونسل بانیا ں میں آبادی سے دور رکھنے کے ساتھ ساتھ متاثرین کو مارکیٹ ریٹ کے مطابق آدائیگیاں کرے تاکہ متاثرین زیادہ نقصان سے بچ سکیں ۔