میں وزیر برائے محکمہ داخلہ کی توجہ ایک اہم مسلے کی طرف مبذول کرانا چاہتی ہوں وہ یہ کہ حال ہی میں پشاور کے مختلف پولیس سٹیشنوں میں حوالاتیوں کی ہلاکتوں کے پے درپے واقعات رونما ہوئے ہیں جو کہ عوام میں تشویش کا باعث بنے ہیں۔ خان رازق شہید پولیس سٹیشن میں گزشتہ روز حوالتی کی ہلاکت کا معاملہ پہلا واقعہ نہیں ہے بلکہ حالیہ دنوں میں پولیس سٹیشن ٹاؤن، ہشتنگری،یکہ توت، اور شرقی میں بھی حوالاتیوں کی ہلاکتوں سے متعلق خبریں اخبارات کی زینت بنی ہیں۔ جناب سپیکر صاحب پشاور کے تھانوں میں حوالاتیوں کی ہلاکتوں کے بڑھتے ہوئے واقعات سے عوام بالخصوص پشاور کے شہریوں میں تشویش کی لہر پیدا ہو ئی اور عوام میں عدم تحفظ کے احساس کا بڑھ جانا ایک لازمی امر ہے لٰہذا ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت فوری طور پر اس انتہائی اہم عوامی مسئلے سے متعلق درست حقائق سے اس معزز ایوان کو آگاہ کریں تا کہ عوام بالخصوس پشاور کے شہریوں کی تشویش کا سد باب ممکن ہو سکے۔