سینیٹ انتخابات 2025 کے حوالے سے صوبائی الیکشن کمشنر خیبرپختونخوا اور ان کے ہمراہ وفد نے اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی سے اسپیکر چیمبر میں ملاقات کی۔ ملاقات میں انتخابی ضابطہ اخلاق، انتظامی تیاریوں اور شفاف انتخابی عمل سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس ملاقات میں قائد حزبِ اختلاف خیبرپختونخوا اسمبلی ڈاکٹر عباد اللہ بھی اسپیکر کے ہمراہ موجود تھے، جبکہ اسمبلی سیکرٹریٹ کا دیگر عملہ بھی شریک تھا۔
الیکشن کمیشن کے وفد نے خیبرپختونخوا اسمبلی سے سینیٹ انتخابات کے دوران مکمل تعاون کی درخواست کی اور اس بات پر زور دیا کہ انتخابی عمل آئینی، قانونی اور ضابطہ اخلاق کے مطابق پُرامن انداز میں مکمل ہونا چاہیے۔
اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی نے یقین دہانی کرائی کہ اسمبلی الیکشن کمیشن کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گی اور سینیٹ انتخابات کے لیے ایک منصفانہ، شفاف اور باوقار ماحول فراہم کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کی جمہوری روایات کو برقرار رکھتے ہوئے انتخابی عمل کو پُرامن اور مؤثر بنایا جائے گا۔